پتانہیں فلک شبیر جیسے لوگوں کا دماغ کب خواتین کےکپڑوں سے نکلےگا،حناپرویزنے کھری کھری سنادیں

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ کا گلوکار فلک شبیر کے عوامی مقامات پر ڈریس کوڈ سے متعلق مطالبے پر ردعمل سامنے آگیا۔
خیال رہے کہ فلک شبیر نے اپنے سوشل اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے پنجاب حکومت کو صوبے میں ویپنگ پر پابندی لگانے پر سراہا تھا اور ساتھ ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے عوامی مقامات پر ڈریس کوڈ سے متعلق درخواست کی تھی۔
پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ‘پتا نہیں فلک شبیر جیسے لوگوں کا دماغ کب خواتین کے کپڑوں سے نکلےگا۔ آپ کبھی استنبول گئے ہوں تو وہاں خواتین کے لباس پر کوئی بات نہیں کرتا، یہاں پاکستان میں جس کا جو دل کرتا ہے سوشل میڈیا پر آکر بولنا شروع کر دیتا ہے۔ ایسی ذہنیت کی وجہ سے پاکستان آگے نہیں بڑھ رہا۔ خدارا اپنے کام سے کام رکھنا شروع کر دیں تو معاشرے کیلئے یہ ایک بڑی خدمت ہوگی’۔



