بدین،حیسکو کا بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن، 100 سے زائد کنکشن منقطع

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)حیسکو کا بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن، سنکڑوں کنکشن منقطع ، بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ایکسین حیسکو بدین۔
حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی حیسکو بدین ڈویژن کی جانب سے بجلی چوری، کنڈا سسٹم اور نادہندگان کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ ایکسین بدین آصف میمن کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی او بدین عثمان علی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیے جبکہ بقایاجات کی عدم ادائیگی پر 100 سے زائد بجلی کنکشن بھی کاٹ دیے گئے۔ اپریشن میں رحیم بخش جونیجو، اللہ بخش کاتیار، مولا بخش جونیجو اور ظہیر میمن سمیت حیسکو عملے نے حصہ لیا۔ کارروائیاں بدین شہر کے مختلف علاقوں علی ٹاؤن، مسان محلہ، کڈھن روڈ، حیدر ٹاؤن اور دیگر اطراف میں کی گئیں جہاں بجلی چوری میں ملوث افراد اور کنڈا مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے۔ حیسکو حکام کے مطابق دوران آپریشن متعدد غیر قانونی تاریں، ڈائریکٹ کنکشن اور کنڈے ہٹائے گئے جبکہ ایسے صارفین کے خلاف بھی کارروائی کی گئی جو طویل عرصے سے بجلی بل ادا نہیں کر رہے تھے۔ ایکسین حیسکو بدین آصف میمن کا کہنا تھا کہ بجلی چوری نہ صرف قومی ادارے کو مالی نقصان پہنچاتی ہے بلکہ اس سے ایماندار صارفین بھی متاثر ہوتے ہیں اور بجلی کی ترسیل کا نظام دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس موقع پر ایکسین بدین آصف میمن نے بدین پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی صارفین فوری طور پر اپنے بقایاجات ادا کریں اور غیر قانونی کنکشن ختم کرکے قانونی میٹر نصب کروائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بجلی چوری، کنڈا سسٹم اور بلوں کی عدم ادائیگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حیسکو کی جانب سے بجلی چوری کے خاتمے اور ریکوری مہم کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ لائن لاسز میں کمی لائی جا سکے اور صارفین کو بہتر بجلی فراہمی یقینی بنائی جا سکے



