ممبئی میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، 12 گھنٹوں میں 200 ملی میٹر بارش، نظامِ زندگی مفلوج

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں طوفانی بارش نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا، جہاں 12 گھنٹوں کے دوران تقریباً 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہونے کے بعد متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، بعض مقامات پر سڑکیں دھنس گئیں جبکہ درخت گرنے اور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کے بھی واقعات پیش آئے۔ شدید بارش کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔

مسلسل بارشوں نے ممبئی کے ساتھ ساتھ تھانے، پالگھر، نوی ممبئی اور پونے کے علاقوں میں بھی معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ پونے میں لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کے مطابق صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک شہر کے مشرقی مضافات میں اوسطاً 186 ملی میٹر، مغربی مضافات میں 168 ملی میٹر اور آئی لینڈ سٹی میں 129 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

حکام کے مطابق وکھرولی ویسٹ میں 12 گھنٹوں کے دوران 260 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ پووائی، بھانڈوپ، مالاڈ، کاندیولی، جوگیشوری اور اندھیری سمیت متعدد علاقوں میں 210 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی، جس کے باعث کئی علاقے زیرِ آب آ گئے اور شہری زندگی شدید متاثر ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button