لبیک اللھم لبیک! مناسک حج کا آغاز، لاکھوں عازمین کا خیموں کے شہر منیٰ کا رخ

مکہ مکرمہ (جانوڈاٹ پی کے\ ویب ڈیسک) دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج نے مناسک حج کا آغاز کرتے ہوئے خیموں کے شہر منیٰ کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے جہاں روحانی ماحول میں عبادت اور لبیک کی صدائیں گونج رہی ہیں۔
حجاج کرام کی منیٰ آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا جبکہ پیر کی شب تمام عازمین منیٰ میں قیام کریں گے۔
اس کے بعد منگل 9 ذی الحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج کے سب سے اہم رکن وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لئے منیٰ سے عرفات کی جانب روانہ ہوں گے۔
میدان عرفات میں خطبہ حج سننے کے بعد ظہر، عصر ملا کر ادا کریں گے، وقوف عرفات کے بعد حجاج کرام مغرب کے بعد میدان عرفان سے مزدلفہ پہنچیں گے۔
دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دنوں میں مکہ مکرمہ اور اطراف میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جس کے دوران درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مناسک حج کے دوران ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد رہے گا اور کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوا چلنے کا امکان ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جن میں بڑی تعداد فضائی راستے سے مکہ پہنچی ہے، 30 فیصد عازمین مکہ روٹ انیشی ایٹو کے ذریعے پہنچے، عازمین کی سہولت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے۔
ادھر مقدس مقامات پر عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں سایہ دار جگہوں، کولنگ فینز اور طبی سہولیات میں اضافہ شامل ہے تاکہ عبادات کے دوران زائرین کو زیادہ سے زیادہ راحت فراہم کی جا سکے۔



