پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا 2 ہفتے مکمل، آج راولپنڈی میں بڑا جلسہ


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) مہنگی پٹرولیم مصنوعات کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنوں کو دو ہفتے مکمل ہوگئے، جس کے بعد جماعت اسلامی نے آج راولپنڈی میں تاریخی جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔
گزشتہ روز دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو راولپنڈی کی تمام سڑکیں بند کردی جائیں گی، جبکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس سمیت ملک بھر میں مارچ کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال حکمرانوں کیلئے نوشتہ دیوار ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نکل پڑے تو انہیں کوئی روک نہیں سکے گا، حکمران ہوش کے ناخن لیں۔
امیر جماعت اسلامی نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کرتے اور مفت پٹرول استعمال کرتے ہیں، جبکہ پٹرولیم لیوی حکمرانوں کے ڈاکے کی ایک شکل ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے سوال اٹھایا کہ ملک میں بجلی زائد ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کیوں کی جارہی ہے؟