ڈیوڈ رش کا آگ کی مشعلوں سے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ، مگر تصدیق سے پہلے ہی ٹوٹ گیا

ایڈاہو(جانوڈاٹ پی کے)امریکہ کی ریاست ایڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے اپنے ایک اور خطرناک کرتب سے دنیا کو حیران کر دیا ہے، تاہم وہ خود اس وقت حیران رہ گئے جب انکا ریکارڈ تصدیق ہونے سے پہلے ہی ٹوٹ گیا۔

ڈیوڈ پہلے ہی دنیا میں سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں اور اس مرتبہ انہوں نے آگ کا کھیل کھیلتے ہوئے نیا ریکارڈ بنادیا۔

انہوں نے مسلسل 6 منٹ اور 25 سیکنڈز تک آگ کی تین جلتی ہوئی مشعلوں کے ساتھ جگلنگ کر کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک اور ٹائٹل کا اضافہ کر لیا۔

ڈیوڈ رش نے یہ حیران کن کارنامہ اپنے بیٹے کی فٹ بال پریکٹس کے اختتام پر ایک مقامی پارک میں انجام دیا جہاں انہوں نے آگ کے شعلوں کو ہوا میں اچھالتے ہوئے پرانے عالمی ریکارڈ (5 منٹ اور 2 سیکنڈز) کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اس دلچسپ ریکارڈ کے ساتھ ایک انوکھا واقعہ بھی پیش آیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ نے ڈیوڈ کی اس کوشش کی ویڈیو کا جائزہ لینے میں اتنا طویل وقت لگا دیا کہ جب تک ان کے ریکارڈ کی باقاعدہ تصدیق ہوئی تب تک اوہائیو کے ایک دوسرے شہری اَرنو راٹھی نے 7 منٹ اور 20 سیکنڈز تک مشعلیں اچھال کر ان کا یہ ریکارڈ توڑ بھی دیا۔

اس صورتحال پر ڈیوڈ رش نے سوشل میڈیا پر ہنستے ہوئے لکھا، ’میرا خیال ہے کہ مجھے بہت جلد یہ ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں

Back to top button