امریکی ڈالر کی مضبوطی سے عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں شدید دباؤ کا شکار

نیویارک (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں امریکی ڈالر کی مسلسل مضبوطی کے باعث سونے کی قیمتیں شدید دباؤ کا شکار ہیں، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں سہ ماہی سونے کے لیے ایک دہائی سے زائد عرصے کی بدترین سہ ماہی ثابت ہو سکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے اور قیمت ایک بار پھر 4,000 ڈالر فی اونس کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں تقریباً 1.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونا 3,943 ڈالر فی اونس تک گر گیا، جو گزشتہ سات ماہ کی کم ترین سطح ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی معیشت کی مضبوط کارکردگی اور شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات نے امریکی ڈالر کو مضبوط کیا ہے، جس کے باعث سرمایہ کار سونے کے بجائے ڈالر میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بلند شرح سود اور مضبوط ڈالر عموماً سونے کی قیمتوں پر منفی اثر ڈالتے ہیں، کیونکہ ایسی صورتحال میں سونا سرمایہ کاری کے لیے نسبتاً کم پرکشش ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز میں امریکی روزگار کے اعداد و شمار اور امریکی مرکزی بینک کی آئندہ مانیٹری پالیسی سے متعلق اشارے عالمی سونے کی قیمتوں کی سمت کا تعین کریں گے۔ اگر ڈالر کی مضبوطی برقرار رہی تو سونے کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑنے کا امکان ہے۔



