ایمباپے کا نیا عالمی ریکارڈ، مسلسل دوسری بار گولڈن بوٹ جیتنے والے پہلے فٹبالر بن گئے


نیویارک(ویب ڈیسک) فرانس کے سپر اسٹار کلیان ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈن بوٹ اپنے نام کر لیا اور فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ایمباپے نے ٹورنامنٹ میں 10 گول اسکور کر کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی 8 گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
اس کامیابی کے ساتھ ایمباپے مسلسل دو فیفا ورلڈ کپ میں گولڈن بوٹ جیتنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے۔ انہوں نے اس سے قبل فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں بھی 8 گول کر کے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
فرانسیسی اسٹار فارورڈ کی جارحانہ کھیل، برق رفتار دوڑ اور شاندار فنشنگ نے پورے ٹورنامنٹ میں مداحوں اور ماہرین کو متاثر کیا، جس کے باعث وہ ایک بار پھر عالمی کپ کے بہترین گول اسکورر قرار پائے۔
اگرچہ فرانس ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام نہ کر سکا، تاہم ایمباپے کی انفرادی کارکردگی پورے ایونٹ کی نمایاں ترین کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔