کالام میں گلیشیئر پھٹ گیا، 7 کوہ پیما زد میں آگئے، ایک لاپتا

سوات(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی وادی کالام کے علاقے مٹلتان میں گلیشیئر پھٹنے کے باعث 7 کوہ پیما حادثے کی زد میں آ گئے، جن میں سے 3 افراد زخمی جبکہ ایک کوہ پیما لاپتا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کوہ پیما چھوٹا کے ٹو (Chhota K2) کے بیس کیمپ کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں اچانک گلیشیئر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا۔
ریسکیو ٹیم نے بتایا کہ زخمی ہونے والے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے تین کوہ پیماؤں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سیدو شریف ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حکام کے مطابق ضلعی ایمرجنسی افسر سید شعیب منصور کی ہدایت پر فوری طور پر ریسکیو اور طبی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، جبکہ خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے لاپتا کوہ پیما سید علی شاہ کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ایک دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔



