گھوٹکی: ٹی بی کی تشخیص کے لیے فیلڈ میڈیکل کیمپ کا دورہ، موبائل ٹیمیں متحرک

گھوٹکی (وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے محکمہ صحت کی جانب سے گنگی میں لگائے گئے ٹی بی کی تشخیص کے لیے فیلڈ میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کردہ جدید موبائل میڈیکل کیمپ کے ذریعے ضلع کے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ ضلع کے ان علاقوں میں موبائل ٹیمیں بھیجی جائیں جہاں ٹی بی کے مریضوں کا خدشہ زیادہ ہو، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈکٹر راؤ آفتاب نے بتایا کہ محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے ضلع گھوٹکی کو 10 دن کے لیے جدید موبائل ایمبولینس فراہم کی گئی ہے، جس کے ذریعے موقع پر ہی ڈیجیٹل ایکسرے اور دیگر ٹیسٹوں کے ذریعے ٹی بی کی تشخیص کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر گنگی میں فیلڈ کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں 100 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح آئندہ 8 دنوں تک ضلع کے مختلف علاقوں میں موبائل کیمپ بھیج کر لوگوں کا معائنہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جن مریضوں میں ٹی بی کی تصدیق ہوگی، انہیں محکمہ صحت کی جانب سے علاج فراہم کیا جائے گا۔



