غزہ:جنازے پر اسرائیلی فوج کا فضائی حملہ، 9 فلسطینی شہید، 20 زخمی

غزہ(جانوڈاٹ پی کے)غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک جنازے کے لیے جمع شہریوں پر اسرائیل کے براہ راست حملے میں 9 فلسطینی جاں بحق جبکہ 20 افراد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب فلسطینی شہری ایک ایسے شخص کی نمازِ جنازہ ادا کر رہے تھے جو اسی روز ہونے والے ایک اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوگیا تھا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو میں نصیرات کے العودہ اسپتال کی انتظامیہ نے بتایا کہ جنازے میں شریک سوگواروں کو براہِ راست نشانہ بنانے کے واقعے میں 7 فلسطینی شہید اور 22 زخمی ہوگئے۔
تاحال اُس شخص کی شناخت سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئی جس کے نماز جنازہ میں بھی اسرائیل نے حملہ کرکے نے انسانی حقوق کی تمام حدوں کو پار کرلیا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے حماس کے ایک اہم کمانڈر انس محمود احمد حمدان کو نشانہ بنایا جو حماس کے اہم ترین رہنما کا دایاں ہاتھ تھے۔
حماس نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک گھناؤنا جرم ہے جو ایسے وقت میں کیا گیا جب اسرائیل غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں ثالث ممالک اور عالمی برادری کی موجودگی میں بھی نہ رک سکیں اور معصوم فلسطینیوں کا قتل جاری ہے۔
اسرائیلی فوج نے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ جاری نہیں کیا تاہم اسرائیل ماضی میں یہ مؤقف اختیار کرتا آیا ہے کہ اس کی کارروائیوں کا ہدف حماس اور دیگر مسلح گروہوں کے جنگجو ہوتے ہیں۔



