ریکارڈ توڑ گرمی نے فرانس میں تباہی مچا دی، ایک ہفتے میں 2 ہزار سے زائد اموات


پیرس(ویب ڈیسک) فرانس میں جون کے آخری ہفتے کے دوران آنے والی ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر جان لیوا ثابت ہوئی، جہاں صرف ایک ہفتے میں 2 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کی قومی صحت ایجنسی نے بتایا ہے کہ 22 سے 28 جون کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار 25 اموات ریکارڈ کی گئیں، جو اس سے گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 29 فیصد زیادہ ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ ابتدائی اعداد و شمار صرف الیکٹرانک ڈیتھ سرٹیفکیٹس پر مبنی ہیں، اس لیے حتمی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی صحتِ عامہ کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔