ہربنس پورہ میں مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق، والدین تشویشناک حالت میں

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے گزشتہ رات کا بچا ہوا آلو گوبھی کا سالن کھایا، جس کے کچھ دیر بعد چاروں کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا، جہاں دوران علاج دونوں بچے دم توڑ گئے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت قدیر اور عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کے والدین کو تشویشناک حالت میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ فرانزک ٹیم نے کھانے کے نمونے سمیت دیگر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے، جبکہ مزید تحقیقات کے لیے فوڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
فرانزک ماہرین کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ سالن میں چھپکلی گرنے کے باعث کھانا زہریلا ہوا، تاہم واقعے کی اصل وجہ فرانزک رپورٹ اور دیگر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



