پاکستان کو دوبارہ معاشی بحران کے چکر میں نہیں جانے دیں گے، وزیر خزانہ کادوٹوک اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو دوبارہ عروج و زوال اور معاشی بحران کے چکر میں نہیں جانے دیں گے، پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کا سرمایہ متحرک کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اب صرف حکومتی وسائل کے ذریعے ممکن نہیں، نجی شعبے کو معاشی ترقی کے مرکزی دھارے میں لانا ہوگا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا جبکہ بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کے بڑے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار معاشی استحکام کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے مشکل مگر ضروری ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور نجکاری کے عمل میں شفافیت، کارکردگی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام آسانی سے حاصل نہیں ہوا بلکہ مشکل فیصلوں کے نتیجے میں ممکن ہوا ہے اور اب اس استحکام کو مستقل بنانا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

محمد اورنگزیب نے معیشت سے متعلق اہم اعداد و شمار بھی سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ مجموعی خسارہ 12.5 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گیا ہے جبکہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ایف بی آر کی آمدن میں 40 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق آئی ٹی سیکٹر بھی ملکی معیشت کے لیے امید کی نئی کرن بن کر سامنے آیا ہے اور گزشتہ مالی سال آئی ٹی سروسز کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر رہیں، جن میں فری لانسرز نے 1.6 ارب ڈالر کا اہم حصہ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ اشیا کی برآمدات تقریباً 30 ارب ڈالر پر برقرار ہیں، تاہم برآمدات میں مزید اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ توانائی، سرکاری اداروں، ٹیکس نظام اور نجکاری کے شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے اور حکومت و نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری ہی پاکستان کو مستحکم، پائیدار اور طویل المدتی معاشی ترقی کی جانب لے جا سکتی ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کو دوبارہ معاشی اتار چڑھاؤ اور بحرانوں کے پرانے چکر میں نہیں جانے دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button