وزیرداخلہ کی ایرانی صدر سے ملاقات،خطے کی صورتحال اور پاک ایران تعلقات پرغور

تہران(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔ جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تہران میں پاکستانی سفارتخانے نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے دورہ ایران کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔ سفارتخانے کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ایرانی وزیرداخلہ اسکندر مومنی اور وزیرِخارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدرمسعود پزشکیان سے ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ یہ ملاقات تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور پاک ایران تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق ایرانی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی ثالثی مشن پر انتہائی اہم مذاکرات ہوئے ۔ ایرانی وزیر داخلہ نے ایران امریکا تنازع کے حل میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کی تعریف کی۔

تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے ہوائی اڈے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا ۔ دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی اہم ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات امن مذاکرات کی بحالی کے امکانات، خطے میں پائیدار امن اور تازہ ترین علاقائی پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی کا کہنا تھا کہ ایران ہمیشہ سے امن کا حامی رہا ہے اور تنازع کے حل کے لیے حکومت پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی مخلصانہ کوششوں کی دل سے قدر کرتا ہے۔ دونوں وزراء نے پاکستان اور ایران کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button