تربیتی پرواز کے دوران جنگی طیارہ گر کر تباہ

ینگون (ویب ڈیسک) میانمار کی فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران پرندہ ٹکرانے کے باعث حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا اور محفوظ رہا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ پیر کی صبح ینگون ریجن کے ہماوبی ٹاؤن شپ کے قریب نیاؤنگ ناپِن گاؤں کے نزدیک پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک پرندہ طیارے کے انجن سے ٹکرا کر اندر چلا گیا، جس کے نتیجے میں انجن میں آگ بھڑک اٹھی اور طیارہ قابو سے باہر ہو کر زمین بوس ہوگیا۔
پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو آبادی سے دور لے جانے کے بعد بحفاظت ایجیکٹ کر لیا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر حفاظتی اقدامات اور ضروری کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ واقعے میں عملے کا کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔



