فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

زیورخ(مانیٹرنگ ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ بننے جا رہا ہے، جس میں ٹیموں، میچز اور مجموعی انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں رواں ایڈیشن کے لیے مختص مجموعی انعامی فنڈ میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی انعامی رقم 65 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ امریکی ڈالر دیے جائیں گے، جو ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہوگی، جبکہ رنر اپ ٹیم 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر حاصل کرے گی۔
تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔
فیفا کے مطابق کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ہر ٹیم کو 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ملیں گے، جبکہ نویں سے سولہویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کے لیے 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح 17ویں سے 32ویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر جبکہ 33ویں سے 48ویں نمبر تک آنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
فیفا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک ہر ٹیم کو تیاریوں اور انتظامی اخراجات کے لیے اضافی 15 لاکھ امریکی ڈالر فراہم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2022 کی فاتح ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ 2018 کی فاتح فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی گئی تھی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ریکارڈ انعامی رقم ایونٹ کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت، تجارتی وسعت اور مالی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔



