نئے انتظامی یونٹس کا قیام اور سیاسی اصلاحات ناگزیر ہیں، فواد چوہدری کا شہباز شریف سے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ملک میں سیاسی اصلاحات اور نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اختیارات کی منتقلی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے نئے صوبے یا انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس بننے سے سیاسی طاقت چند مخصوص خاندانوں کے ہاتھوں سے نکل کر عام عوام تک منتقل ہو سکے گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سیاسی جماعتوں کا اندرونی خاندانی ڈھانچہ اور غیر جمہوری رویہ ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں 15 سے 17 وزراء اعلیٰ ہوں گے تو سیاسی جماعتیں مجبوری کے تحت جمہوری ساخت اپنانے پر مجبور ہوں گی اور کسی ایک شخص کے لیے یکطرفہ فیصلے کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ ان کے مطابق نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل ملک کی سب سے اہم ترین اصلاحات میں سے ایک ہے، لیکن اس کے لیے قومی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا جو صرف ایک ’قومی حکومت‘ کی تشکیل اور گرینڈ ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔
بیان کے آخر میں فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنے ہی وزراء کے سامنے آنے والے بیانات کے بعد وزیراعظم کی حیثیت محض ایک ڈمی کی رہ گئی ہے، اس لیے وہ مستعفی ہو کر ملک میں ان بڑی اور بنیادی سیاسی اصلاحات کا راستہ ہموار کریں۔



