امریکا میں شوہر نے بیوی سمیت 6 بچوں کو قتل کر کے خودکشی کرلی

مشی گن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی ریاست مشی گن میں 47 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی 39 سالہ بیوی اور 6 بچوں کو گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے خودکشی سے قبل گھر کے مختلف مقامات پر جان بوجھ کر آگ بھی لگائی جس سے پالتو جانور بھی ہلاک ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق امدادی اہلکاروں کو 24 جولائی کو ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جہاں سے میاں بیوی اور ان کے 5 سے 15 سال عمر کے 6 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق تمام 8 افراد کی موت گولی لگنے سے ہوئی اور ابتدائی تحقیقات کے دوران خاتون کی گزشتہ سال سماجی رابطے کی ویب سائٹ ریڈٹ پر کی گئی تحریریں بھی سامنے آئیں۔
ان تحریروں میں خاتون نے الزام لگایا تھا کہ میرے شوہر کا دفتر میں ایک کم عمر انٹرن (تربیتی ملازمہ) سے تعلق تھا جس کے باعث میری ازدواجی زندگی شدید مشکلات کا شکار ہوئی۔
خاتون نے لکھا تھا کہ میں نے بچوں کی خاطر شادی بچانے کی کوشش کی اگرچہ شوہر کے رویے اور مبینہ بے وفائی نے مجھے ذہنی طور پر شدید متاثر کیا۔
ان کے مطابق دونوں نے ازدواجی مشاورت بھی حاصل کی تاہم شوہر کا مشکوک رویہ بار بار مسائل پیدا کرتا رہا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے چند روز قبل ہی ملازمت کھوئی تھی جبکہ خاتون مقامی اسکولوں میں متبادل استاد کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام وجوہات سامنے لانے کے تحقیقات جاری ہیں۔



