جعلی نوٹوں سے قربانی کے جانور خریدنے والا گروہ متحرک، شاطر ملزم گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں پولیس نے قربانی کے جانوروں کی خریداری کے دوران جعلی کرنسی کے ذریعے بیوپاریوں کو لوٹنے والے ایک شاطر ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی مویشی منڈیوں میں سرگرم ایسے جرائم پیشہ عناصر بھی متحرک ہو گئے تھے جو سادہ لوح بیوپاریوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے شاہدرہ اور شاہدرہ ٹاؤن کے علاقوں میں جانور خرید کر ادائیگی کے دوران جعلی نوٹ استعمال کیے اور موقع سے فرار ہو جاتا تھا۔ ملزم رقم دینے کے وقت جلد بازی کرتا اور نوٹ فوری طور پر بیوپاریوں کو تھما دیتا، جس کے بعد مارکیٹ میں جا کر جعلی کرنسی کا انکشاف ہوتا۔

پولیس کے مطابق شکایات موصول ہونے پر مقدمات درج کیے گئے اور اے ایس پی کی سربراہی میں ٹیم نے 12 گھنٹوں میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم پشاور سے جعلی کرنسی منگوا کر نیٹ ورک کے ذریعے فراڈ کرتا تھا۔

ملزم کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button