یورپ میں ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو، شدید گرمی سے ڈیڑھ ہزار کے قریب اموات

پیرس (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) یورپ بھر میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر برقرار ہے، جہاں کئی ممالک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں اور گرمی سے ہونے والی اموات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق شدید ہیٹ ویو کے باعث یورپ میں اب تک تقریباً 1500 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، جبکہ اسپتال گرمی سے متاثرہ مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
فرانسیسی حکام کے مطابق فرانس میں گرمی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں بڑی تعداد بزرگ افراد کی ہے، جبکہ اسپین میں ہیٹ ویو کے باعث 327 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پولینڈ میں شدید گرمی نے ایک صدی پرانا درجہ حرارت کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جبکہ سربیا میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق تقریباً 15 کروڑ یورپی شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ ہیٹ ویو کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جبکہ البانیہ میں جنگلاتی آگ سے جھاڑیوں اور زیتون کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی نے بجلی کی پیداوار، بنیادی ڈھانچے اور صحت کے نظام پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں، جبکہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی نے اس ہیٹ ویو کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔



