ویانا اجلاس میں پاکستان کی کامیابی کا اعتراف، غیر قانونی ہجرت میں 47 فیصد کمی پر یورپی یونین کا خراجِ تحسین

ویانا(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقدہ "گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ سمگلنگ” کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کی غیر قانونی ہجرت کے خلاف کامیاب حکمت عملی کو عالمی سطح پر سراہا گیا، جبکہ یورپی یونین نے اس حوالے سے پاکستان کے مؤثر اقدامات کی تعریف کی۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مؤثر پالیسیوں کے باعث پاکستان میں غیر قانونی ہجرت کے رجحان میں 47 فیصد کمی آئی ہے، جو عالمی سطح پر ایک قابلِ تقلید کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہجرت صرف کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مشترکہ چیلنج ہے، جس سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔
طلال چوہدری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے مواقع میں اضافہ کیے بغیر انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کا مستقل حل ممکن نہیں، اس لیے عالمی برادری کو اس شعبے میں مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
اجلاس کے شرکاء نے غیر قانونی ہجرت اور انسانی سمگلنگ کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی مؤثر کارروائیوں اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے پاکستان کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔



