آئی ایم ایف کا حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جاری نہ کرنے کا مطالبہ


اسلام آباد(جانوڈٹ پی کے) آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی تیاری کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ابتدائی ورچوئل مشاورت جاری ہے، جس میں اہم مالیاتی اہداف پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرے تاکہ مالی بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔ ادارے نے یہ بھی کہا ہے کہ توانائی اور ایندھن کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ ضروری ہے۔
آئی ایم ایف نے زور دیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس چھوٹ اور رعایتیں محدود کی جائیں، جبکہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جائے اور سیلز ٹیکس استثنیٰ میں کمی کی جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری اخراجات میں کمی اور قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں کم از کم 1 فیصد اضافہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔
معاشی اصلاحات اور عالمی حالات میں بہتری کی صورت میں درمیانی مدت میں شرح نمو 5.5 فیصد تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔