ایلون مسک تاریخ کے پہلے ٹریلینئر بننے کے قریب؟ دولت 1.1 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے امیر ترین شخصیات میں شامل ایلون مسک مستقبل قریب میں دنیا کے پہلے ٹریلینئر (کھرب پتی) بن سکتے ہیں، ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں اضافہ بنیادی طور پر ٹیسلا کے شیئرز اور اسپیس ایکس میں ان کی بڑی ملکیت کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ اندازوں کے مطابق ان کے پاس ٹیسلا میں تقریباً 273 ارب ڈالرز مالیت کے شیئرز اور آپشنز موجود ہیں۔
اگر اسپیس ایکس کی متوقع ویلیو 1.77 ٹریلین ڈالرز تک پہنچتی ہے تو اس میں مسک کی تقریباً 50 فیصد ملکیت ان کی دولت میں مزید 841 ارب ڈالرز کا اضافہ کر سکتی ہے، جس سے ان کی مجموعی دولت 1.1 ٹریلین ڈالرز سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔
تاہم ماہرین کے مطابق یہ زیادہ تر پیپر ویلتھ ہے، یعنی اصل نقد رقم نہیں بلکہ کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو پر مبنی اندازے ہیں، جو وقت کے ساتھ تبدیل ہو سکتے ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا میں بہت کم ممالک کی مجموعی معیشت بھی ایک ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہے، جبکہ کئی بڑی عالمی معیشتیں بھی اس سطح سے کم ہیں۔
اس وقت مختلف تخمینوں کے مطابق ایلون مسک کی دولت 788 ارب سے 834 ارب ڈالر کے درمیان بتائی جاتی ہے۔
اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو ایلون مسک تاریخ کے پہلے ٹریلینئر بن سکتے ہیں۔



