ایران، امریکہ مفاہمتی معاہدے پر تیز عملدرآمد ضروری ہے، مصر

قاہرہ(ویب ڈیسک)مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر مؤثر اور تیز رفتار عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
اپنے بیان میں بدر عبدالعاطی نے کہا کہ مفاہمتی معاہدے کی شرائط پر مسلسل پیشرفت اور رفتار برقرار رکھنا دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی، تناؤ میں کمی اور علاقائی سلامتی و استحکام کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔
مصری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مثبت سفارتی پیشرفت نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں امن کو مضبوط بنائے گی بلکہ پورے خطے میں استحکام اور تعاون کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گی۔
انہوں نے یہ بات قاہرہ میں یورپی یونین کی بحیرۂ روم سے متعلق کمشنر ڈبرا وکا شوئیسا سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی، سفارتی کوششوں اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔



