تعلیمی نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنائیں گے، نقل مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی، رانا سکندر حیات

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت نئے چیئرمین تعلیمی بورڈز کا ایک اہم تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام چیئرمینز کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعلیمی ویژن اور اصلاحاتی ایجنڈے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت امتحانی نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوٹی مافیا، نقل مافیا اور امتحانی عمل میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی سختی سے برقرار رہے گی۔ انہوں نے بورڈز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ نتائج کی تیاری اور امتحانی عمل میں ڈیجیٹل اصلاحات لائی جائیں، اور سپلیمنٹری امتحانات میں ‘آن لائن سکرین مارکنگ’ کا پائلٹ پراجیکٹ فوری طور پر شروع کیا جائے۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ نئے چیئرمین بورڈز لاکھوں بچوں کے مستقبل کے امین ہیں، اس لیے وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے نبھائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مارکنگ سنٹرز کے باقاعدہ دورے کیے جائیں اور غلط پیپر چیک کرنے والے اساتذہ کا کڑا احتساب کیا جائے تاکہ کسی بھی طالب علم کی حق تلفی نہ ہو۔ رانا سکندر حیات نے امتحانی مراکز میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بورڈ کی سطح پر اسٹیم (STEM)، مباحثوں اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کے بھی احکامات جاری کیے۔



