انمول پنکی کیخلاف 2 مقدمات میں چالان پیش کرنے کیلیے پولیس کو 15 جون تک مہلت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کیخلاف گارڈن تھانے میں منشیات اور غیر قانونی اسلحے کے 2 مقدمات میں تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کے لئے 15 جون تک مہلت دیدی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو ملزمہ انمول عرف پنکی کیخلاف گارڈن تھانے میں منشیات اور غیر قانونی اسلحے کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی۔
تفتیشی افسر نے مقدمات کی تفتیش مکمل کرنے کے لئے مہلت کی استدعا کردی اور عدالت کو آگاہ کیا کہ منشیات کے مقدمے میں شریک ملزمان سہیل، ذیشان اور سمیر کو گرفتار کیا گیا۔ شریک ملزمان کے بینک اکاؤنٹس کا کچھ ریکارڈ موصول ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بینک اکاؤنٹس کے ریکارڈ کی جانچ کرنی ہے۔ ملزمہ سے برآمد منشیات کی کیمیکل جانچ کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔ شریک ملزمان کے موبائل فونز کی فارنزک رپورٹ پنجاب فارنزک ایجنسی سے تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔ ملزمہ سے برآمد اسلحہ کی معائنہ رپورٹ اور محکمہ داخلہ سندھ کا ریکارڈ تاحال موصول نہیں ہوا ہے۔
عدالت نے مقدمات میں چالان پیش کرنے کے لئے 15 جون تک مہلت دیدی۔



