ٹرمپ نے بندر عباس حملوں کی ویڈیو جاری کر دی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی بندرگاہ بندر عباس پر کیے گئے حملوں کی ویڈیو جاری کر دی۔
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بندر عباس حملوں کی ویڈیو شیئر کی، جس میں مختلف مقامات پر دھماکوں اور فضائی کارروائیوں کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز ایران کے خلاف تازہ فضائی حملے کیے تھے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی گئیں جب لاکھوں ایرانی سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کے لیے سڑکوں پر موجود تھے۔
Posted by President Trump on Truth Social pic.twitter.com/XVr2jsrxsN
— Just Trump on Truth (@JustTrumpTruth) July 8, 2026
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس، سیریک اور جزیرہ قشم میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ رپورٹس کے مطابق جزیرہ قشم میں کم از کم 6، سیریک میں 7 سے 9 جبکہ بندر عباس میں 10 دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران میں حالیہ کارروائیوں کے دوران 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔ امریکی حکام کے مطابق یہ حملے آبنائے ہرمز میں تین بحری جہازوں پر مبینہ ایرانی حملوں کے ردعمل میں کیے گئے۔
دوسری جانب ایران نے تجارتی جہازوں پر حملوں سے متعلق امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور مشکوک قرار دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بندر عباس جیسے اہم تزویراتی مقام پر حملوں اور دونوں ممالک کے سخت بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔



