دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی 17 گھنٹوں بعد بحال، پانی کی فراہمی شروع

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کے الیکٹرک نے 17 گھنٹوں بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بحال کردی، جس کے بعد پانی کی فراہمی کا عمل بھی بحال ہوگیا۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپس ہاؤس کے ایک فیڈر کی بجلی بحال کردی گئی ہے، تاہم کے تھری پمپس ہاؤس کے ایک فیڈر کی بجلی تاحال بحال نہیں ہوسکی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کے تھری پمپس ہاؤس کے متاثرہ فیڈر کی بجلی بحال کرنے کے لیے کے الیکٹرک کی جانب سے اقدامات جاری ہیں۔

بجلی بحال ہونے کے بعد متاثرہ 10 میں سے 8 پمپس فعال کردیئے گئے، جس کے نتیجے میں شہر کو پانی کی فراہمی دوبارہ شروع ہوگئی۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو 198 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح 6 بجے کے الیکٹرک کے سسٹم میں کیبل فالٹ کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا، جس کے نتیجے میں دھابیجی کے 21 میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button