پنجاب کے مثالی گاؤں منصوبے پر حکومتی رکن کے تحفظات، پرانی اینٹوں کے استعمال پر سوالات اٹھا دیئے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت کے مثالی گاؤں منصوبے پر اپنی ہی جماعت کے رکن اسمبلی نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کے معیار پر سوالات اٹھا دیئے۔
پنجاب اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی رکن اسمبلی ملک احمد سعید خان نے منصوبے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقے میں موجودہ طریقہ کار کے تحت مثالی گاؤں بنانے کے حق میں نہیں ہیں۔
ملک احمد سعید خان نے دعویٰ کیا کہ منصوبے میں 70 فیصد پرانی جبکہ 30 فیصد نئی اینٹیں استعمال کی جا رہی ہیں، جو فنڈز کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر ٹرالیوں کی آمدورفت سے خراب ہونے والی اینٹوں کو دوبارہ استعمال کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے حلقے کے 80 دیہات میں سے 2 دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کا کہا گیا تھا، تاہم تاحال ایک بھی گاؤں مکمل نہیں بنایا جا سکا۔
حکومتی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ اگر مثالی گاؤں بنانا ہے تو اس کا معیار بہتر ہونا چاہیے، وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی دوسری ٹیم کے ساتھ مل کر بہتر ماڈل تیار کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب کمیٹی کے چیئرمین سمیع اللہ خان نے بھی منصوبے کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مثالی گاؤں کے لیے نیا میٹریل استعمال کیا جانا چاہیے۔



