دیپال پور: پولیس کی وردی پہن کر شہریوں سے بھتہ وصول کرنے والا جعلساز رنگے ہاتھوں گرفتار


دیپال پور (محمد اسلم بھٹی/جانو ڈاٹ پی کے) دیپال پور کے نواحی گاؤں بھومن شاہ میں پولیس کی وردی پہن کر شہریوں اور مسافروں سے چیکنگ کے بہانے رقم وصول کرنے والے مبینہ جعلساز کو پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق علی شیر نامی شخص پولیس کی وردی پہن کر راہگیروں، مسافروں اور شہریوں کو روک کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے چیکنگ کے بہانے ان سے رقم بٹور رہا تھا۔
واقعے کی اطلاع کسی شہری نے تھانہ صدر کے ایس ایچ او کو دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف جعلسازی، فراڈ اور پولیس اہلکار کی نقالی سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی مشکوک شخص پولیس اہلکار بن کر رقم طلب کرے تو فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔