ٹیکساس میں بجلی کے بحران کا خدشہ! ڈیٹا سینٹرز اور کرپٹو مائننگ سے گرڈ پر دباؤ بڑھنے لگا

ٹیکساس (ویب ڈیسک ) امریکی ریاست ٹیکساس کے الیکٹرک گرڈ آپریٹر ائیرکوٹ نے خبردار کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر ڈیٹا سینٹرز اور کرپٹو مائننگ سہولیات بجلی کے نظام پر دباؤ بڑھا رہے ہیں، جبکہ کئی نئے منصوبے اہم ریلیبلٹی ٹیسٹس میں ناکام رہے ہیں۔

 بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مصنوعی ذہانت اور کرپٹو کرنسی کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث ٹیکساس پاور گرڈ پر بوجھ تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس سے موسم گرما کی بلند ترین طلب کے دوران بلیک آؤٹ کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔

 ائیرکوٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم از کم چار بڑے گروپس، جن میں ڈیٹا سینٹرز بھی شامل ہیں، معمولی وولٹیج خرابی کے دوران اچانک گرڈ سے الگ ہو گئے، ماہرین کے مطابق اس طرح کے اچانک پاور ڈراپ سے پورے نظام کا توازن بگڑ سکتا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق تقریباً 20 گیگا واٹ کے بڑے بجلی استعمال کرنے والے منصوبے گرڈ سے منسلک ہونے کے مراحل میں ہیں، جن میں سے کئی جولائی سے قبل آپریشن شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیٹا سینٹرز اور کرپٹو مائننگ فیسلٹیز روایتی صنعتوں کے برعکس غیر متوقع طور پر بجلی منقطع کر دیتی ہیں، جس سے گرڈ کی استحکام متاثر ہوتا ہے۔

 ائیر کوٹ نے اس مسئلے پر کام شروع کر دیا ہے اور نئے قواعد متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ ایسے ادارے بجلی کے نظام میں معمولی خرابیوں کے دوران بھی گرڈ سے الگ نہ ہوں۔

 ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان جاری رہا تو ٹیکساس میں بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے، خصوصاً گرمیوں کے دوران جب طلب اپنی بلند ترین سطح پر ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button