اسحاق ڈارکاایرانی وزیرخارجہ کو ٹیلیفون،قریبی رابطے برقرار رکھنے کےعزم کا اظہار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے ٹیلی فونک رابطے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مبارک باد دی اورعلاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعے کی شام کو ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط ہونے پر ایرانی قیادت حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے مذاکرات کے اگلے مرحلے کے آغاز کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ عمل خوش اسلوبی سے آگے بڑھے گا اور مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی تعمیری اور مسلسل سفارتی ثالثی کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔



