40پولنگ اسٹیشن پہلے ہی ٹارگٹ تھے،دانیال عزیز نے بڑا دعویٰ کردیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج پر مرکزی مسلم لیگ نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)، انتظامیہ اور ریاستی اداروں پر انتخابی نتائج تبدیل کرنے کے سنگین الزامات عائد کر دیے۔
سابق وفاقی وزیردانیال عزیز نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ "ووٹ کو عزت دلوانے والوں نے خود ووٹ کورونددیا” اور انتخابات کے نتائج پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت تبدیل کیے گئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ الیکشن سے ایک رات پہلے ہی 185 میں سے 40 پولنگ اسٹیشنز کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا تھا، جبکہ فارم 24 کے مطابق ان کے امیدوار کامیاب ہو چکے تھے، مگر ووٹوں کی گنتی کے دوران ان کے نمائندوں کو باہر نکال کر نتائج تبدیل کیے گئے۔
دانیال عزیز نے الزام لگایا کہ ریاستی وسائل اور پولیس کو استعمال کرتے ہوئے انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی گئی اور جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ووٹ چوری کے پروفیسر ثابت ہو چکے ہیں۔”
ایل اے 37 کے امیدوار عثمان علیم نے کہا کہ مہاجرین کو اقوام متحدہ نے ووٹ کا حق دیا، مگر انہیں اس حق سے محروم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 78 برس گزرنے کے باوجود مہاجرین کا انتخابی ڈیٹا مکمل طور پر آن لائن نہیں کیا گیا اور اس بار بھی ان کے ووٹ کا حق متاثر ہوا۔
اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے میڈیا کے سامنے 47 منٹ کی ایک ویڈیو بھی پیش کی، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ تھا کہ اس میں پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالنے، پولیس کی کارروائیوں اور مبینہ بے ضابطگیوں کے ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے اصل نتائج سامنے لائے جائیں اور مبینہ دھاندلی کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔



