اتحاد میں’’بریک اپ‘‘کی سی کیفیت،جواب الجواب کاکانٹےدار مقابلہ،وفاقی وزیر بھی لڑائی میں کودپڑے

کراچی(جانوڈاٹ پیکے)اتحاد میں’’بریک اپ‘‘کی سی کیفیت،جواب الجواب کاکانٹےدار مقابلہ،وفاقی وزیر بھی لڑائی میں کودپڑے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف پر کی گئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کا محور قومی یکجہتی، عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کا فروغ ہے اس لیے ان کے بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا مناسب نہیں۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کا ہر خطاب پوری قوم کی ترجمانی کرتا ہے کسی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک ان کی سیاست کا حصہ نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سندھ، کشمیر اور ملک کے تمام حصوں کے عوام کا یکساں احترام کرتی ہے اور باہمی احترام، برداشت اور قومی ہم آہنگی ہی جماعت کی سیاست کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تلخی پیدا کرنے والے وہ عناصر ہیں جو ہر بیان کو تنازعے کا رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ نواز شریف نے ہمیشہ مفاہمت، اتحاد اور جمہوری روایات کے فروغ کی بات کی۔



