35 سال بعد انصاف، 85 سالہ شخص کو قتل کیس میں 3 سال قید کی سزا

بہار(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی ایک عدالت نے 35 سال پرانے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے 85 سالہ ملزم کو تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے 85 سالہ دیپ رائے کو قتل اور اسلحہ قانون کی خلاف ورزی کے مقدمے میں مجرم قرار دیا گیا۔ عدالت نے انہیں تین سال قید کے ساتھ 25 ہزار بھارتی روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ضعیف ملزم کو عدالت سے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ کمزوری اور عمر رسیدگی کے باعث بمشکل چلتے نظر آتے ہیں۔
ملزم کے وکیل نے عدالت سے عمر اور خراب جسمانی حالت کی بنیاد پر رعایت کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اگرچہ ملزم 85 برس کے ہیں اور جسمانی طور پر انتہائی کمزور ہیں، تاہم جرم ثابت ہونے کے بعد سزا دینا بھی ضروری ہے۔
عدالت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نسبتاً کم سزا سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کی صحت اور عمر کو مدنظر رکھا گیا ہے، لیکن قانون کے تقاضے پورے کرنا بھی ناگزیر ہے۔
یہ فیصلہ ایک ایسے مقدمے میں سامنے آیا ہے جو گزشتہ 35 برس سے زیرِ سماعت تھا اور اب جا کر اپنے منطقی انجام کو پہنچا ہے۔



