پاکستان نے چین سے 1.3 ارب ڈالر ری فنانسنگ کی درخواست کر دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت پاکستان نے چین سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے کمرشل قرض کی ری فنانسنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام اور چینی حکام کے درمیان ری فنانسنگ کے معاملات کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد یہ رقم رواں ماہ کے دوران دوبارہ پاکستان کو موصول ہونے کی توقع ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رقم کی جلد وصولی سے ملکی زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا۔ گزشتہ ماہ جولائی میں پاکستان نے مجموعی طور پر 2.2 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیاں کیں، جن میں 1.3 ارب ڈالر چینی کمرشل قرض کی ادائیگی بھی شامل تھی۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو انٹربینک مارکیٹ سے تقریباً 7 ارب ڈالر سے زائد خریداری کی توقع ہے۔ ان ڈالرز کو بیرونی ادائیگیوں اور زرمبادلہ ذخائر بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button