چین میں اعلیٰ فوجی قیادت پر بڑا ایکشن، 2 سینیئر جنرلز کمیونسٹ پارٹی سے خارج

بیجنگ (جانو ڈاٹ پی کے) چین نے کرپشن اور سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کا سامنا کرنے والے دو انتہائی سینیئر فوجی افسران کو حکمران کمیونسٹ پارٹی سے خارج کردیا، جبکہ دونوں کے مقدمات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے فوج کے متعلقہ اداروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق خارج کیے جانے والے افسران میں ژانگ یوشیا بھی شامل ہیں، جو سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے دو وائس چیئرمینز میں سب سے سینیئر تھے اور چین کے اعلیٰ ترین فوجی جنرلز میں شمار ہوتے تھے۔ دوسرے افسر لیو ژینلی ہیں۔

چینی وزارت دفاع نے رواں سال جنوری میں اعلان کیا تھا کہ ژانگ یوشیا اور لیو ژینلی کے خلاف ’’نظم و ضبط اور قانون کی سنگین خلاف ورزیوں‘‘ کے شبہ میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ چین میں یہ اصطلاح عموماً کرپشن سے متعلق تحقیقات کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

چینی سرکاری خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق اعلیٰ حکام کے اجلاس میں دونوں افسران کو کمیونسٹ پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کے خلاف مقدمات کو جائزے اور مزید قانونی کارروائی کے لیے فوج کے قانونی اداروں کو منتقل کردیا گیا ہے۔

شنہوا نے تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ دونوں افسران کے معاملات میں ’’غیر معمولی طور پر بڑی رقوم‘‘ شامل تھیں۔ رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں ان پر پارٹی سے غداری، پارٹی کی مقرر کردہ حدود عبور کرنے، گروہ بندی کرنے اور ذاتی مفاد کے لیے بھاری رقوم وصول کرنے سمیت متعدد جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آئے۔

چینی حکام کی جانب سے یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک کی اعلیٰ فوجی قیادت میں بدعنوانی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button