چین نے جاپان کے اعتراضات مسترد کر دیے، مشترکہ بحری سرگرمیوں کو بین الاقوامی قانون کے مطابق قرار دے دیا


بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے بین الاقوامی سمندری حدود میں اپنی سرگرمیوں پر جاپان کے اعتراضات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں کہا کہ چین اور روس کی مشترکہ فوجی مشقوں اور بحری گشت کے حوالے سے متعلقہ چینی ادارے پہلے ہی اپنا مؤقف واضح کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سمندری حدود میں چین کی تمام سرگرمیاں بین الاقوامی قانون اور عالمی روایات کے عین مطابق ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی شامل نہیں۔
چینی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ جاپان دیگر ممالک کی جائز اور قانونی سرگرمیوں کو بدنام کرنے اور انہیں سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ بیرونی خطرات کا تاثر پیدا کرکے اپنی تیز رفتار عسکری توسیع اور دوسری جنگِ عظیم کے بعد قائم ہونے والے بین الاقوامی نظام کو چیلنج کرنے کے لیے جواز تلاش کر رہا ہے۔
لین جیان نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو جاپان کے اس رجحان پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور اس کی مشترکہ طور پر مزاحمت کرنی چاہیے۔