تھور کے علاقے میں کلاؤڈ برسٹ، سیلاب نے تباہی مچادی

چلاس(جانوڈاٹ پی کے) تھور کے مختلف علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے اچانک سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس سے مکانات، زرعی زمینیں، مال مویشی اور قیمتی سامان سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے۔
تھور میک میں واقع مقامی مسجد بھی سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی، جبکہ تھور اینگر میں خشک پہاڑی سے اچانک آنے والے سیلاب نے ایک رہائشی مکان، گاڑی، مال مویشی اور گھریلو سامان بہا دیا۔
ذرائع کے مطابق گولڈ پلیسر کے ذریعے نکالا گیا تقریباً 200 گرام سونا اور نقد رقم بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ سیلابی ملبہ گھروں میں داخل ہونے سے متعدد خاندان متاثر ہوئے، جبکہ تھور کو ملانے والی رابطہ سڑک بھی منقطع ہو گئی۔
تھور شیتن، تھور میک اور دیگر علاقوں میں سیلابی پانی کھیتوں میں داخل ہونے سے کھڑی فصلوں اور زرعی اراضی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں شہری اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تاہم رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث متاثرین اور امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔



