کینیڈا میں درختوں کو ’’قانونی حقوق‘‘ حاصل، زندہ مخلوق قرار دے دیا گیا

ٹورنٹو (ویب ڈیسک) کینیڈا کے صوبے کیوبیک کے ایک چھوٹے قصبے تیراس وودرُوئیل نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے درختوں کو باقاعدہ طور پر زندہ مخلوق تسلیم کر لیا ہے اور انہیں بنیادی حقوق دینے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔
میونسپل کونسل کے فیصلے کے تحت درختوں کے “حقِ زندگی، قدرتی نشوونما، جسمانی سالمیت اور دوبارہ افزائش” کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد یہ قصبہ کینیڈا کی پہلی بلدیہ بن گیا ہے جس نے درختوں کے حقوق کے عالمی اعلامیے کی حمایت بھی کی ہے۔
میئر مشیل بوردو کے مطابق درخت انسانی زندگی اور ماحول کے لیے انتہائی اہم ہیں، کیونکہ یہ فضائی آلودگی میں کمی، پانی کے بہتر انتظام اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
قرارداد کے مطابق مقامی انتظامیہ اب درختوں کے تحفظ کے قوانین کا ازسرنو جائزہ لے گی، اور اگر کسی درخت کو کاٹنا ناگزیر ہوا تو اس کے بدلے شجرکاری لازمی ہوگی۔
ماحولیاتی ماہرین نے اس اقدام کو فطرت کے حقوق کے عالمی تصور کی طرف ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔



