چنیوٹ میں شہتوت کھانے کی سزا؟ اونٹنیوں پر کلہاڑیوں سے مبینہ حملہ، زخمی جانوروں کو لے کر متاثرین آر پی او آفس پہنچ گئے

چنیوٹ (جانو ڈاٹ پی کے) چنیوٹ میں شہتوت کھانے پر زمیندار کی جانب سے اونٹنیوں پر مبینہ بدترین تشدد کا واقعہ سامنے آگیا، متاثرین زخمی اونٹنیوں کو لے کر آر پی او آفس پہنچ گئے اور پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر احتجاج کیا۔
متاثرین کے مطابق اونٹنیوں نے مبینہ طور پر زمیندار کے کھیت میں موجود شہتوت کھا لیے تھے، جس پر ملزمان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرین کا الزام ہے کہ اونٹنیوں کی گردن اور پیٹ پر کلہاڑیوں کے وار کیے گئے، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئیں جبکہ ان کی پسلیاں بھی ٹوٹ گئیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس مبینہ طور پر ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی، جس پر وہ زخمی اونٹنیوں کو اپنے ساتھ لے کر آر پی او آفس پہنچ گئے۔
متاثرین نے مزید الزام عائد کیا کہ مقدمے میں دونوں اونٹنیوں کی مجموعی قیمت صرف ڈیڑھ لاکھ روپے درج کی گئی ہے، جس پر انہوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ "ڈیڑھ لاکھ کے تو اب دو بکرے بھی نہیں آتے۔”
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اونٹنیوں پر مبینہ تشدد میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، جبکہ زخمی جانوروں کی اصل مالیت کا بھی منصفانہ تعین کیا جائے۔
واقعے کے بعد جانوروں پر مبینہ تشدد کے خلاف آواز اٹھانے والے حلقوں میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ متاثرین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔



