مشرق وسطیٰ کی کشیدگی، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 95 ڈالر سے اوپر برقرار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ برینٹ خام تیل بدھ کی تجارت میں تقریباً 1 فیصد اضافے کے بعد 95.63 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جو 24 جولائی کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
امریکی خام تیل WTI بھی تقریباً ایک فیصد اضافے کے ساتھ 91.01 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔ تاہم جمعرات کی ابتدائی تجارت میں دونوں بینچ مارکس میں معمولی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد برینٹ تقریباً 95.20 ڈالر اور ڈبلیو ٹی آئی 90.77 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے مربن خام تیل کی قیمت تقریباً 106.10 ڈالر فی بیرل کے آس پاس رپورٹ ہوئی۔
ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تازہ فوجی کشیدگی نے عالمی آئل مارکیٹ میں سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ بالخصوص آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی اور تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو عالمی منڈی میں قیمتوں میں مزید تیزی اور اتار چڑھاؤ دیکھا جاسکتا ہے۔



