جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کی برسی کے موقع پر سرینگر میں شہید ہونے والے 22 کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں امن، انصاف اور حقوق کے حصول کی صورت میں رنگ لائیں گی۔ 13 جولائی 1931ء کے شہداء کے لہو نے کشمیری عوام کی جمہوری، سیاسی اور انسانی حقوق کی جدوجہد کی بنیاد رکھی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں دنیا کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ عزت، انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی خواہش کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے بھارتی زیر انتظام جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پیپلز پارٹی کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تلاش کیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا مسئلہ کشمیر پر مؤقف پیپلز پارٹی کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ پارٹی کشمیریوں کے حق خودارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button