وزیرآباد:بلال فاروق تارڑ کی کاوشوں سے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھ رہا ہے،زمان چیمہ

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی نائب صدر محمد زمان چیمہ نے بھٹی منصور موڑ سے لے کر کوٹ عنایت خان تک سڑک کی منظوری پر حلقہ کے رکن قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، جس کی منظوری سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم سڑک کی تعمیر سے نہ صرف آمدورفت کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ علاقے کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ محمد زمان چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام سے کیے گئے وعدے عملی اقدامات کے ذریعے پورے کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم این اے بلال فاروق تارڑ کی کاوشوں سے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھ رہا ہے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سڑک کی تعمیر جلد شروع ہو کر مقررہ مدت میں مکمل ہوگی، جس سے ہزاروں شہریوں اور دیہی آبادی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔



