پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن بلا جواز مسترد کردی گئی، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ پھر امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، اس مرتبہ یہ امتیازی سلوک آزاد کشمیر میں کیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے تحریک انصاف آزاد کشمیر کی رجسٹریشن بلا جواز مسترد کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے 5 اکتوبر 2023 کو تمام سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کردی تھی، آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر الیکشن ایکٹ 2020 کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کی نئی رجسٹریشن کی ہدایت کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر نے 20 نومبر 2023 کو رجسٹریشن کے لیے تمام دستاویزات جمع کروائیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی اور جماعت اسلامی کی رجسٹریشن کرلی گئی۔ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی درخواست کو زیر التوا رکھا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ آج 30 ماہ بعد الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے بذریعہ پریس ریلیز تحریک انصاف کی رجسٹریشن سے انکار کیا۔ آزاد کشمیر میں الیکشن جولائی میں ہیں تحریک انصاف کو مساوی مواقع دینے سے انکار کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button