صدر مملکت اور وزیراعظم کا بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کی ہلاکت کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کار اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو شاباش دی اور کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ریاست ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button