بدین میں ورلڈ ہائپر ٹینشن ڈے پر آگاہی واک، شہریوں کو بلند فشارِ خون سے بچاؤ کی ہدایت

بدین (مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)ڈاکٹر سکندر علی مندھرو سول اسپتال بدین میں ورلڈ ہائپر ٹینشن ڈے کے موقع پر آگاہی تقریب اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد عوام میں بلند فشارِ خون (ہائی بلڈ پریشر) کے خطرات، احتیاطی تدابیر اور بروقت تشخیص سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ارشد علی خواجہ نے تقریب میں موجود شرکاء اور شہریوں کا بلڈ پریشر چیک کیا جبکہ ہائی بلڈ پریشر سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تفصیلی آگاہی بھی فراہم کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشد علی خواجہ نے کہا کہ ہائی بلڈ پریشر ایک خاموش مرض ہے جو بظاہر علامات کے بغیر انسانی صحت کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر متوازن خوراک، ذہنی دباؤ، تمباکو نوشی اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی اس بیماری کی بڑی وجوہات ہیں، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ باقاعدگی سے اپنا بلڈ پریشر چیک کروائیں اور صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سلمان امتیاز نے کہا کہ ورلڈ ہائپر ٹینشن ڈے منانے کا مقصد عوام کو اس بیماری کی سنگینی سے آگاہ کرنا ہے تاکہ دل کے امراض، فالج اور گردوں کی بیماریوں جیسے خطرناک مسائل سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط، متوازن غذا، ورزش اور بروقت طبی معائنہ صحت مند زندگی کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ تقریب سے ڈاکٹر شاہنواز کریم مزاری، ڈاکٹر سیما ظفر، ڈاکٹر امتیاز احمد اور ڈاکٹر سنجے کمار نے بھی خطاب کیا اور ہائی بلڈ پریشر سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر اسٹاف نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے عوام میں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور بلڈ پریشر کی باقاعدہ جانچ کے حوالے سے شعور اجاگر کیا

مزید خبریں

Back to top button