بدین،عوامی تحریک کی رسول بخش پلیجو کی برسی کی دعوت اور سندھ کے مسائل پر اظہارِ تشویش

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)دنیا کے مظلوم طبقات کی نظریاتی اور تنظیمی رہنمائی کرنے والے اور انسانی برابری پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے والے عظیم انسانوں میں رسول بخش پلیجو بھی ایک منفرد کردار تھے۔ انہوں نے سندھ، ملک اور دنیا میں موجود انسان دشمن قوتوں، قوموں کے استحصال اور سامراجی طاقتوں کے گٹھ جوڑ کے بارے میں آج سے 25 سے 30 سال پہلے ہی آگاہ کیا تھا اور خبردار کرتے ہوئے سندھی قوم کو سائنسی بنیادوں پر ایک مضبوط تنظیم فراہم کی اور جدوجہد کے اصول اور طریقے سکھائے ان خیالات کا اظہار عوامی تحریک کے مرکزی رابطہ سیکریٹری لال جروار، ضلعی صدر مہران درس، جیون کولہی، ایڈووکیٹ محبت ہالیپوٹو اور دیگر رہنماؤں نے ٹنڈوباگو شہر اور گردونواح کے دیہات میں رسول بخش پلیجو کی آٹھویں برسی کی دعوت دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تعلیم، صحت، امن و امان، وسائل کی لوٹ مار اور پانی پر قبضوں کے بارے میں رسول بخش پلیجو نے جو پیش گوئیاں کی تھیں وہ آج سچ ثابت ہو چکی ہیں۔ سندھ کے بڑے شہروں میں سندھیوں کے لیے روزگار کے دروازے بند ہیں، تعلیمی اداروں کو ایسے عناصر کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں طالبات بھی محفوظ نہیں ہیں۔ جاگیردار اور وڈیرے پولیس کو اپنی ذاتی فورس بنا کر عوام کو غلام بنانے میں مصروف ہیں۔ سندھ کی زمینوں اور وسائل پر قبضے ہو رہے ہیں اور وڈیروں کی پناہ گاہ بنی ہوئی پیپلز پارٹی اقتدار کے مزے لے رہی ہے انہوں نے ٹنڈوباگو کے قریب گاؤں پریت آباد پہنچ کر عوامی تحریک کے کارکن فرانسس کولہی کی زمین پر ایک پنجابی زمیندار کے مبینہ قبضے کے معاملے کی تفصیلات حاصل کیں اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ فرانسس کولہی نے سندھ کے وسائل اور زمینوں پر قبضوں کے خلاف اور عدلیہ بحالی تحریک میں اہم کردار ادا کیا اور آخری سانس تک عوامی تحریک کے ساتھ وفادار رہے۔ اس قومی سپاہی کی زمین پر قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوباگو، مختیارکار ٹنڈوباگو اور ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ منصفانہ تحقیقات کرکے ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔



