پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر اپنی طاقت کا لوہا منوایا، عطا تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی طاقت ثابت کی، پاکستانی قوم اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔

اسلام  آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل کاکول میں پہلگام واقعے پر پاکستان کا واضح اور دوٹوک مؤقف پیش کیا، جو سفارتی محاذ پر ایک اہم ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جب کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پہلگام واقعے کو ایک المیہ قرار دیتے ہوئے بلیم گیم ختم کرنے پر زور دیا اور شفاف و غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان نے پہلگام واقعے کے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کیا اور عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا، جب کہ پاکستان کے تحقیقات کے مطالبے پر بھارت بیک فٹ پر چلا گیا اور کئی بیرونی ممالک نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ناصرف دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار نہیں کرتا بلکہ دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے اور اس جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہا ہے، افواج پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے ملک کا بھرپور دفاع کیا اور معرکۂ حق میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر اپنی طاقت کا لوہا منوایا،  پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی اور پاکستان کو عالمی سطح پر عزت، وقار اور اعتماد حاصل ہوا ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کا مورال بھی بلند ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا سچ عالمی سطح پر ایک روشن حقیقت کے طور پر سامنے آیا جب کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور من گھڑت بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں مل سکی اور کاکول میں وزیراعظم کا خطاب تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button